کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے گرین لائن بس منصوبے میں طویل تاخیر کے بعد اس کے آپریشنل ہونے کی امید جاگ اٹھی۔ منصوبے کے لیے بسیں چین سے کراچی کے لئے روانہ ہو چکیں۔ جلد کراچی پورٹ پر پہنچ جائیں گی۔
طویل انتظار کے بعد کراچی کے لیے شہریوں کے لیے اچھی خبر، ٹرانسپورٹ کے عظیم منصوبہ گرین لائن میں اہم پیشرفت، گورنر سندھ کاکہنا ہے کہ منصوبے کے لیے جدید طرز پر بنائی گئی بسیں چین سے کراچی روانہ ہو چکیں، جلد کراچی پورٹ پہنچیں گی۔
حکومت کی جانب سے متعدد ڈیڈلائنز کے بعد گرین لائن چلانے کے لیے اس سال ماہ ستمبر کی تاریخ دی گئی تھی اور اسی کو پورا کرنے کے لیے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے،مختلف مقامات پر ٹریک کی مرمت کی جارہی ہے، بس اسٹیشنز پر نام چسپاں کر دیئے گئے، تجرباتی بنیادوں پر خودکار سیڑھیوں کو بھی چلادیا گیا۔
نمائش پر بنائے جانے والے انڈرپاس کا کام پچھتر فیصد مکمل ہوچکا، پہلے مرحلے میں سرجانی سے چلنے والی بسیں اسی انڈرپاس کی روٹری سے ہوکرواپس جائیں گی۔
حکومتی تاریخ اپنی جگہ لیکن ذرائع کے مطابق ابھی بھی منصوبے کو چلانے کے لیے آپریشنل کنسلٹنٹ طے ہونا ہے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے لیے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کا آنا اور دیگر اہم امور باقی ہیں، اسی لیے گرین لائن کے ٹریک پر بس چلنا ابھی دسمبر سے پہلے ممکن نہیں، یہی تاخیر پر تاخیر ہے جس نے شہریوں کو بدظن کردیا۔
سابقہ دور حکومت میں شروع ہونے والا منصوبہ موجودہ دور میں بھی شدید تاخیر کا شکار ہے اسی لیے لاگت بھی سترہ ارب سے اب ستائیس ارب تک پہنچ گئی حکام وجہ کچھ بھی پیش کریں لیکن شہریوں کے لیے بے پناہ تکلیف کا باعث ہے۔