کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کا ضلع وسطی کچرے کا ڈھیر بن گیا، یہاں ماضی میں منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے، حکمران جماعت کی طر ف سے مسائل حل کرنے کے دعوے اب بھی کئے جا رہے ہیں۔ تاہم شہریوں کو اب زیادہ اُمیدیں وابستہ نہیں۔
شہر کا وسیع اور شرح خواندگی میں سب سے آگے ضلع وسطی کبھی خوبصورت ترین بھی ہوا کرتا تھا۔ گذشتہ بلدیاتی انتخابات میں یہاں سے ایم کیو ایم کے نمائندے منتخب ہوئے لیکن ووٹ کے حقیقی حق دار ہونے کے دعوے دار عوامی مسائل حل کرانے میں بری طرح ناکام رہے۔ لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، ناگن چورنگی یا پھر فیڈرل بی ایریا پورا ضلع ہی گندگی اور غلاظت کی تصویر بنا نظر آتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ وعدے ان سے اتنے کیے گئے کہ اب کسی کا اعتبار ہی نہ رہا، ایڈمنسٹریٹر حکمراں جماعت سے ضرور ہیں لیکن مسائل حل ہوں گے ایسی امید کم ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب ضلع وسطی کے مسائل حل کرنے کے لیے پر امید ہیں۔
مسائل تو بے شمار ہیں لیکن شہری کہتے ہیں اگر ایڈمنسٹریٹر کراچی کچرے اور گندگی سے مستقل انہیں چھٹکارا دلا دیں تو ووٹ دینے میں دیر نہ لگائیں گے۔