کراچی: (دنیا نیوز) او جی ڈی سی ایل نے حیدرآباد میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے، جس سے 1.14ایم ایم سی ایف ڈی گیس یومیہ حاصل ہوگی۔
یاد رہے کہ اگست 2020 میں بھی او جی ڈی سی ایل نے ضلع کوہاٹ میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت کیے تھے، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کا کہنا تھا کہ توغ بالا کنواں نمبر 1 سے یومیہ 9 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس مل سکے گی، جب کہ یومیہ 125 بیرل تیل بھی اس کنویں سے حاصل کیا جا سکے گا۔
او جی ڈی سی ایل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع حیدرآباد میں تیل و گیس کے ذخائر دریافت کرلئے ہیں ، کنویں سیال ون کو 2442میٹر گہرا کھودا گیا۔ ویل سیال ون سے 1.146ایم ایم سی ایف ڈی گیس اور 680بیرل کنڈنسیٹ یومیہ حاصل ہوگی۔
گذشتہ سال نومبر میں بلوچستان کے شہر زیارت میں دریافت شدہ تیل کے ذخائر سے خام تیل کی پیداوار شروع ہو گئی تھی ، اس سلسلے میں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کمپنی نے زیارت میں خام تیل کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے، یہاں تیل کا کنواں 2018 میں دریافت ہوا تھا، جس سے خام تیل کی پیداوار کا تخمینہ 800 بیرل یومیہ ہے۔
پی پی ایل اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اٹک ریفائنری اس دریافت ہونے والے کنویں سے خام تیل خریدے گی، کنویں سے روزانہ آٹھ سو بیرل تیل نکلنے کی توقع ہے۔