اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے دعوے ہو رہے ہیں مگر ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کچھ اور ہی نقشہ پیش کر رہے ہیں۔
مارکٹیوں میں مہنگائی تو سرکاری نرخ نامے سے بھی کئی زیادہ ہے۔ اس صورتحال میں بھی وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ مہنگائی تو صرف اپوزیشن کا پراپیگنڈہ ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 855 روپے سے 1350 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ چینی 110 روپے کلو، خوردنی تیل 1265 لٹر، انڈے 180 سے 195 روپے درجن جبکہ کھلا دودھ 130 روپے لٹر میں دستیاب ہے۔
اسلام آباد میں دالوں کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔ وفاقی دار الحکومت میں دال چنا اور دال مسور 180 روپے، دال مونگ 260 اور دال ماش 280 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
دوسری جانب ملک بھر میں آلو کی قیمت 130 روپے کلو، پیاز 100 روپے کلو، ٹماٹر 180 روپے سے 200 روپے کلو اور لہسن 340 روپے کلو میں فروخت ہو رہاہے۔
200 گرام سرخ مرچ 280 روپے میں مل رہی ہے۔ یہی نہیں، برائلر مرغی بھی مختلف شہروں میں 245 روپے سے 290 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔
اس صورتحال میں معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو الزام دینے سے بات نہیں بنے گی، وزیراعظم کو حالات کا ادراک کرتے ہوئے مہنگائی کے سونامی کو روکنا ہوگا۔