لاہور: (دنیا نیوز) مالی سال 21-2020 کے بجٹ کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو گئی، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، سیاسی طور پر حکومت اسے عوامی امنگوں کے مطابق قرار دیتی ہے، اپوزیشن تنقید کرتی ہے لیکن عوام کی سنیں تو وہ بجٹ کو جمع تفریق کا کھیل ہی کہتے ہیں۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریاں زور و شروع سے جاری، اسمبلیوں میں لمبی چوڑی تقریریں ہوں گی، بڑی بڑی کتابیں پیش ہوں گی۔ کورونا کے سامنے بے بس عوام بھی یہ سب کچھ دیکھیں اور سنیں گے۔ حکومت ہر سال جون میں بجٹ پیش کرنے کا آئینی تقاضا پورا کرتی ہے۔ بجٹ میں تاجر اپنے کاروبار کے فائدے کی بات ڈھونڈیں گے اور عوام دو وقت کی روٹی کی آسانی دیکھیں گے۔
عوام کا کہنا ہے کہ حکمران ہمارے ساتھ بجٹ بجٹ کا کھیل برسوں سے کھیل رہے ہیں۔ امید ہے کوئی بجٹ ایسا ہوگا جس میں زندگی میں آسانی کا پیغام ہو۔
آٹا، چینی، گھی سب کچھ سال بھر مہنگا ہوتا ہے، پھر بجٹ کس کام کا ہے۔
حکومت اور اپوزیشن دونوں عوام کے غم میں ڈوبے نظر آتے ہیں لیکن عوام کی مشکلات کم ہونے میں نہیں آتی۔