کورونا سے خیبرپختونخوا کی صنعتوں کو 200 ارب سے زائد کا نقصان، امدادی پیکیج کا مطالبہ

Last Updated On 14 May,2020 10:28 am

پشاور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے باعث خیبرپختونخوا میں آٹھ ہزار سے زائد چھوٹی بڑی صنعتوں کو 200 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو گیا، صنعتکار اور تاجروں نے حکومت سے امدادی پیکیج کی فراہمی کا مطالبہ کر دیا۔

کورونا وائرس کے باعث جہاں ملک میں معاشی و صنعتی بحران میں اضافہ ہوا تو وہیں خیبر پختونخوا میں قائم 8 ہزار چھوٹی بڑی صنعتوں کواب تک مجموعی طور 200 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے صنعتوں کیلئے امدادی پیکیج کی فراہمی کے اعلانات تو کئے ہیں لیکن اس حوالے سے تاحال نہ تو آگاہ کیا گیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی مشاورت کی گئی ہے، حکومت صنعتکاروں کے نقصانات کا خیال رکھتے ہوئے جلد از جلد ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

چیمبر آف کامرس صدر کے مطابق کورونا وائرس کے باعث جہاں صنعتوں کو نقصانات کا سامنا ہے وہیں صوبہ بھر میں 13 لاکھ مزدور اور دیہاڑی دار سمیت دیگر افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث خیبر پختونخوا کی جی ڈی پی بھی ایک ہزار تین سو پینتیس سے کم ہو کر تیرہ سو سولہ بلین روپے رہ گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے لاک ڈائون میں نرمی تو کردی گئی ہے تاہم ایس او پیز کا خیال نہ رکھا گیا تو ایک بار پھر لاک ڈائون کے خدشات ہیں جس سے معیشت کو مزید خسارے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔