کراچی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس سے ہونے والے نقصانات کا جائرہ لینے کے لئے ورلڈ بینک نے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرض دینے پر غور شروع کر دیا۔
ورلڈ بینک نے پاکستان کو نیا قرض دینے پر غور شروع کر دیا، ذرائع کے مطابق عالمی بینک 50 کروڑ ڈالر کی رقم مئی 2020 میں پاکستان کو فراہم کرسکتا ہے۔ ملنے والی رقم کی بدولت کورونا وائرس سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے گا، اس مقصد کے لئے عوام کی رجسٹریشن کی جائے گی جس میں صحت، تعلیم، پیشہ اور دیگر معلومات کا اندراج کیا جائے گا۔
معیشت پر مرتب کی گئی دستاویز کے مطابق کورونا وائرس سے پاکستان کی معیشت کو خطرات لاحق ہیں جس کے باعث معیشت کو مستحکم کرنے کے عمل کو دھچکا پہنچے گا جبکہ معاشی اصلاحات کا عمل بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔