عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، پاکستان کے تجارتی خسارے میں 4 ارب ڈالر تک کمی متوقع

Last Updated On 11 March,2020 03:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) رواں سال عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھی گئی ہے جس سے پاکستان کا تجارتی خسارہ 2 سے 4 ارب ڈالر کم ہونے کی امید ہے۔

رواں سال جنوری سے ابھی تک خام تیل کی عالمی منڈی میں قیمت 48 فی صد کمی کے بعد 32 ڈالر فی بیرل پر آ گئی ہے۔ پاکستان اپنی ضرورت کا 85 فی صد تیل درآمد کرتا ہے۔ تیل کا سالانہ درآمدی بل 14ارب ڈالر سالانہ ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی سے پاکستان کا تجارتی خسارہ 2 سے 4 ارب ڈالر کم ہونے کی امید ہے۔ مہنگے درآمدی تیل کے باعث پیٹرول اور ڈیزل مہنگا بیچا جاتا ہے جس کا اثر براہ راست مہنگائی میں اضافے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ تجزیہ کار کہتے ہیں کہ حکومت کے پاس پیٹرول و ڈیزل 20 سے 25 روپے فی لیٹر کم کرنے کی گنجائش ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے حکومت کو محصولات میں کمی کا سامنا ہے۔ تیل کی قیمتوں کا مکمل فائدہ عوام تک پہچانا مکمن نہیں ہوگا۔ یقینا کوئی بیچ کا راستہ ہی نکالا جائیگا۔