گیس 214 فیصد تک مہنگی کرنے کی سمری تیار، ای سی سی کو بھجوا دی

Last Updated On 20 January,2020 03:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 214 فیصد تک جبکہ کمرشل صارفین کے لیے 245 فیصد اضافے کی تیاری مکمل کرلی، پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے سمری ای سی سی کو ارسال کر دی گئی۔

 پٹرولیم ڈویژن کی سمری کے مطابق اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخواہ کے لیے گیس 192 فیصد تک جبکہ سندھ اور بلوچستان کے صارفین کے لئے 214 فیصد اضافے کی تجویز ہے، سوئی نادرن کے کمرشل صارفین کے لیے گیس کی قیمت میں 221 فیصد اور سوئی سدرن کے صارفین کے لیے 245 فیصد اضافے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

سمری میں گھریلو صارفین کے لئے میٹر رینٹ میں 300 فیصد اضافے کے ساتھ میٹر رینٹ 20 روپے سے بڑھا کر 80 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، منظوری کی صورت میں نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری 2020 سے ہوگا۔