بجلی کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

Last Updated On 22 October,2019 06:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی صارفین کے لئے بری خبر آ گئی، ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 2 روپے 97 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مسلسل تیسری مہینے بجلی مہنگی کی جا رہی ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق مہنگائی کے مارے شہریوں کو بجلی کا نیا جھٹکا لگانے کی تیاریاں جاری ہیں، بجلی کےقیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، صارفین پر 40 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے مطابق ستمبر میں پانی سے 37.09 فیصد، مقامی گیس سے 11.85 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 21.05 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار 81 کروڑ یونٹس سے زائد رہی جس کی لاگت 16روپے 55 پیسے فی یونٹ آئی۔

ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 11 روپے 11 پیسے اور مقامی گیس سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 7 روپے رہی ۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے سابقہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں عوام سے 6 ارب 96 کروڑوصول کرنے کی بھی درخواست کردی۔ نیپرا اضافے کے حوالے سے حتمی فیصلہ 30 اکتوبر کوکرےگا ۔۔ بجلی کے نرخوں میں اضافے کا اطلاق لاٗئف لائن ،کے الیکڑک اور زرعی صارفین پر نہیں ہوگا۔