پاکستان سٹیل کے 5 ہزار ریٹائرڈ ملازمین بے آسرا، 7 سال سے ایک دھیلا نہ مل سکا

Last Updated On 25 July,2019 12:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹیل ملز کے 5 ہزار ریٹائرڈ ملازمین کا کوئی پرسان حال نہیں، 7 برس گذر جانے کے باوجود دھیلا تک نہ ملا، جائز حق کے انتظار میں 900 ریٹائرڈ ملازمین انتقال کر گئے۔

پاکستان سٹیل ملز کے 5 ہزار ریٹائرڈ ملازمین گذشتہ سات برس سے واجبات کے منتظر ہیں، حکومت نے ان ریٹائرز ملازمین کو پرویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی اور لیو ان کیشمنٹ کی مد میں دھیلا تک نہ دیا، اس عرصے میں کئی ریٹائرڈ ملازمین بیمار ہوگئے جبکہ 900 ریٹائرڈ ملازمین تو جہان فانی سے بھی رخصت ہوچکے ہیں مگر ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کو ان ملازمین پر رحم نہ آیا۔

پاکستان سٹیل ریٹائرڈ ملازمین ایکشن کمیٹی نے وزیر اعظم اور قومی اسمبلی میں قائد حزب کو خط لکھا ہے جس میں سٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ اس وقت پاکستان سٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات 17 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں جبکہ ادارے کے کُل واجبات اور خسارہ 490 ارب روپے ہے، موجودہ حکومت میں ان واجبات اور خسارے میں 30 ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔

واضع رہے کہ پاکستان سٹیل ملز کا پیداواری عمل جون 2015 سے مکمل طور پر بند ہے۔