ملک کو معاشی چیلنجز کا سامنا، 3 سال میں صورتحال بہتر ہو جائیگی: گورنر سٹیٹ بینک

Last Updated On 12 July,2019 03:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ ملک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن دو سے تین سال میں صورت حال بہتر ہو جائے گی۔

اسلام آباد میں عالمی اقتصادی فورم کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ قرضوں اور بجٹ خسارے میں نمایاں اضافہ ہوا۔ ان دونوں مسائل کو حل کر رہے ہیں۔

رضا باقر کا کہنا تھا کہ ملکی مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت بھرپور کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔ کوششوں سے کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہو کر ماہانہ 1 ارب ڈالر پر آگیا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ معیشت کی بہتری کی راہ گامزن ہے، ایک سال میں حالات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ پاکستان کی معیشت کو دو چیلنجز درپیش ہیں۔ پہلا کرنٹ اکاونٹ خسارہ تاریخی بلند سطح یعنی ماہانہ 2 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا جو کم ہو رہا ہے۔ کچھ سال قبل ماہانہ کرنٹ اکاونٹ خسارہ زیرو تھا۔ دوسرا بڑا چیلنج مالیاتی خسارہ ہے۔