ترسیلات زر کی پاکستان کیلئے بہت اہمیت ہے، گورنر سٹیٹ بینک

Last Updated On 08 January,2019 07:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی برآمدات 25 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 57 ارب ڈالر ہیں، سٹیٹ بینک موبائل فون کے ذریعے آنے والی ترسیلات زر کیلئے صارف کو ایک ڈالر پر دو منٹ کا فری ٹائم دے گا۔

پاکستان کی پہلی بلاک چین فنانشل سروسز نے خدمات کا آغاز کر دیا ہے جس کے ذریعے پاکستان میں ترسیلات زر فوری منتقل ہو سکیں گی۔ اسلام آباد میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں چین کے سفیر یاؤ جنگ، گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ، سی ای او اینٹ فنانشل ایرک جنگ اور سی آئی او ٹیلی نار عرفان وہاب خان نے شرکت کی۔

گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ نے کہا کہ ہمیں چین علی پے اور اینٹ فنانشل سے ملک میں مزید کام کی ضرورت ہے۔ تقریب میں خطاب کے دوران چینی سفیر کا کہنا تھا کہ نئی ٹیکنالوجی سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ ہو گا۔ پاکستان میں جوان آبادی کی تعداد ذیادہ ہے، نئی حکومت بھی معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اس سے نئی سرمایہ کاری پاکستان کی طرف آ رہی ہے۔

سی ای او اینٹ فنانشل ایرک جنگ نے بتایا کہ انہیں پاکستان میں بلاک چین کی سروس کا آغاز کرنے میں بہت خوشی ہے، اس سے ترسیلات زر میں بہت تیزی سے ہو سکیں گی، نئی سروس شروع کرنے کا کام چھ ماہ میں مکمل کیا گیا ہے، چاہتے ہیں کہ لوگوں کو ترسیلات زر کرنے اور وصول کرنے میں آسانی ہو۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک نے ملائیشیا کے ویلیو پے سے مل کر ویلیٹ ریمیٹنس سکیم کا آغاز کر دیا ہے جس کے بعد ملائیشیا میں مقیم پاکستانی فوری رقوم پاکستان بھجوا سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایزی پیسہ اور ملائیشیا کا ویلیو ایپ مل کر ترسیلات زر کریں گے، ایزی پیسہ کے ذریعے سہولت چوبیس گھنٹے دستیاب ہو گی۔

سی ای او پاکستان مائیکرو فنانس بینک شاہد مصطفیٰ بتایا کہ 2009ء سے پہلے ترسیلات زر کیلئے ہنڈی اور حوالہ کا استعمال عام تھا، ایزی پیسہ شروع ہونے کے بعد یہ سروس زیادہ کامیاب ہوئی۔