گوجرانوالہ: بجٹ کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں

Last Updated On 08 July,2019 09:35 am

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) بجٹ کے بعد گوجرانوالہ میں روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیوں نے شہریوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔

حالیہ بجٹ کے بعد اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے، دالیں 60، چینی 20، آٹا 25 اور تمام سبزیاں 30 سے 40 روپے فی کلو مہنگی ہوئی ہیں جبکہ دودھ اور دہی روز من مانی قیمت پر فروخت ہو رہا ہے۔

پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے غیر فعال ہونے سے منافع خوروں نے مہنگائی عروج پر پہنچا دی ہے۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء خورونوش فروخت نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ حکومتی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔