لاہور: (ویب ڈیسک) سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی اتارچڑھاﺅ کے بعد تیزی دیکھی گئی۔ 100 انڈیکس کی 35000 اور 35100 کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں۔ تیزی کے نتیجے میں سرمایہ کاری مالیت میں 28 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس کی 35200 کی حد بھی بحال ہو گئی تھی تاہم فروخت کے دباﺅ کے باعث 100 انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رکھ سکا۔ مارکیٹ کے اختتام پر 100 انڈیکس 129.34 پوائنٹس اضافہ سے 35125.25 پوائنٹس پر بند ہوا۔
حصص مارکیٹ میں 313 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، 122 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ہوا۔ 170 کمپنیوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 70 کھرب 63 ارب 57 کروڑ 93 لاکھ 71 ہزار197روپے ہو گئی۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 86.04 پوائنٹس اضافے سے16631.77پوائنٹس پر بند ہوا۔
دوسری طرف بین الاقومی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 13 ڈالر کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونا 800 روپے مزید مہنگا ہو گیا۔ فی تولہ سونے کی قیمت 77300 روپے سے بڑھ کر 78100 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت66272 روپے سے بڑھ کر 66958 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ چاندی کی فی تولہ قیمت اوردس گرام قیمت میں استحکام رہا،چاندی کی فی تولہ قیمت 910 روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت780.17روپے پرمستحکم رہی ۔