اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں ایک اور بڑی سرمایہ کاری کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ بین الاقوامی کمپنی کارگل نے پاکستان میں 200 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کاروباری کمیونٹی کو ملک میں سرمایہ کاری کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان سے بین الاقوامی کمپنی "کارگل" کے سربراہ مارشل سمتھ نے ملاقات کی۔ مارشل سمتھ نے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں 200 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ سرمایہ کاری زراعت، ڈیری مصنوعات، آئل، سیڈ اور کھانے کے تیل کی پیداوار میں کی جائے گی۔
مارشل سمتھ نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری آئندہ 3 سے 5 برس کے دوران کی جائے گی۔ کارگل کمپنی پاکستان میں عالمی طرز پر ڈیری فارمنگ کے شعبے کو وسعت دے گی جس سے پاکستان کی معیشت میں بہتری اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کارگل کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے ساتھ درآمدی معاملات میں بھی سہولت دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروباری اور سرمایہ کار طبقے کے لئے آسانیاں پیدا کر رہی ہے، تمام معاملات میں آسانی اور شفافیت حکومت کی ترجیح ہے۔