کراچی: (دنیا نیوز) خلیج عمان میں تیل بردار جہازوں پر حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھنے لگیں، دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا ایک ہی روز میں 9 ڈالر مہنگا ہو گیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کا رجحان جاری ہے، امریکی خام تیل 2 ڈالر اضافے سے 54 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل 1 ڈالر اضافے سے 62 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہونے لگا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ سے تیل کی طلب میں کمی آئی ہے جس کا فائدہ پاکستان جیسے تمام ممالک کو ہی ہونا تھا مگر خلیج عمان میں تیل بردار بحری جہازوں پر حملے کی بعد پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل پر سوالات اٹھنے شروع ہوچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے دام بھی بڑھنے لگے، سونے کی فی اونس قیمت 9 ڈالر اضافے سے 1350 ڈالر ہوگئی۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں ہونے والے اضافے کے بعد پاکستان میں بھی اس کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔