کراچی (دنیا نیوز) روپے کی قدر میں قدرے استحکام کے اثرات آنے لگے، سونا نو سو روپے سستا ہوگیا، فی تولہ اب ستر ہزار سات سو روپےمیں فروخت کیا جا رہا ہے۔
کراچی صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 4 ڈالر کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد فی اونس سونا 1292 ڈالر کا ہوگیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں قیمت میں کمی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام کے باعث پاکستان میں سونے کی قیمت میں 900 روپے فی تولہ کمی ہوئی ہے۔
دو روز کے دوران سونے کی قیمت میں 1300 روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے باعث فی تولہ سونا 70 ہزار 700 روپے کا ہوگیا ہے۔ دوسری جانب 10 گرام سونا 771 روپے سستا ہونے کے بعد 60 ہزار 614 روپے پر آگیا ہے۔خیال رہے کہ منگل اور بدھ کے روز سونے کی قیمت 1650 روپے اضافے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح 72 ہزار 200 روپے پر پہنچ گئی تھی۔
کے ایس جے اے کے مطابق عالمی مارکیٹ میں چاندی کی بین الاقوامی قیمت 15 اعشاریہ 14 ڈالر فی اونس ہے جبکہ پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 900 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 771 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔