عید الفطر پر 360 ارب کے نئے کرنسی نوٹوں کی فراہمی

Last Updated On 04 June,2019 09:12 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) اسٹیٹ بینک نے اپنے ذیلی ادارے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) کے 16 فیلڈ دفاتر کے ذریعے مجموعی طور پر 360 ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ فراہم کیے جن میں عیدالفطر کے موقع پر عوام کو براہ راست فراہم کیے گئے 100 روپے اور اس سے کم مالیت کے 61 ارب روپے کے نئے کرنسی نوٹ بھی شامل ہیں جو بینکوں کے کیش کاؤنٹرز اور ایس ایم ایس سروس (8877) کے ذریعے عوام کو رمضان المبارک کے دوران فراہم کیے گئے۔

61 ارب روپے میں سے 54 ارب روپے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے جاری کیے گئے۔ یہ سہولت 142 شہروں میں کمرشل بینکوں کی 1700 سے زائد برانچوں اور ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر پر دستیاب تھی۔ اس سروس سے عیدالفطر سے قبل 30 لاکھ سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔ بینک دولت پاکستان نے بینکوں کو بھی کافی مقدار میں بلند مالیتوں کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے ہیں تا کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایمز کے آپریشنز اور ان میں نقد رقوم کی دستیابی مؤثر طور پر جاری رہے۔

اس مقصد کیلئے اسٹیٹ بینک اور ایس بی پی بی ایس سی کے اہلکاروں پر مشتمل خصوصی ٹیمیں پاکستان بھر میں اے ٹی ایمز کا معائنہ اور نگرانی کرتی رہیں گی تا کہ عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران عوام کو نقد رقوم کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔