ورلڈ بینک شمسی توانائی منصوبے کیلئے 10 کروڑ ڈالر بطور قرض فراہم کرے گا

Last Updated On 10 January,2019 11:39 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ورلڈ بینک پاکستان میں شمسی توانائی کے منصوبے کے فروغ کیلئے 10 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کرے گا جس کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ پراجیکٹ کے تحت سندھ کے 2 لاکھ گھروں کو بجلی مہیا کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق حکومت پاکستان اور ورلڈ بینک کے مابین معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے ہیں، سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد نے مرکزی حکومت اور سندھ حکومت کی جانب سے مصدق احمد خان سیکرٹری انرجی ڈپارٹمنٹ نے معاہدے پر دستخط کرتے ہوئے مہرِ تصدیق ثبت کی۔

اس اہم منصوبے سے سندھ میں بجلی سے محروم 2 لاکھ گھروں کو فائدہ پہنچے گا۔ سندھ حکومت بھی 50 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ منصوبہ شمسی توانائی کی پیداوار، استعمال اور تقسیم کے مراحل پر مشتمل ہو گا جس سے ابتدائی طور پر 50 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی اور 20 میگا واٹ بجلی پبلک سیکٹر عمارتوں پر نصب سولر پینلز سے حاصل کی جائے گی۔