لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب کی لاہور چیمبر آف کامرس آمد، چوہدری سرور کاروباری طبقہ کو اچھے وقت کی امید دلاتے رہے جبکہ چیمبر ممبران نے منی بجٹ پر دل کی بھڑاس نکالی۔
لاہور چیمبر آف کامرس میں گورنر پنجاب چوہدری سرور کی پہلی آمد کے موقع پر گورنر نے ممبران سے کھل کر دل کی باتیں کیں اور سابق حکومت کی پالیسیوں کو معیشت کی تباہی قرار دیا۔ انہوں نے چیمبر ممبران کو یقین دلایا کہ ہماری حکومت طویل مدتی منصوبوں پر عمل کر کے اچھے دن واپس لائے گی۔
گورنر پنجاب نے اپنی بات مکمل کی تو لاہور چیمبر آف کامرس کے اراکین نے حکومتی منی بجٹ کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جب ہم ن لیگ کی حکومت کے خلاف ہڑتالیں کرتے تھے تو تحریک انصاف ساتھ کھڑی ہوتی تھی اور آج احتجاج کا باعث بننے والے ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں خود ہی اضافہ کردیا۔
گورنر پنجاب نے کاروباری رہنماؤں کی تنقید تحمل سے سنی اور تجاویز تحریری صورت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ چوہدری سرور نے عوام کو صاف پانی کی فراہمی میں مدد کیلئے بھی نجی شعبے سے تعاون مانگا ہے۔