لاہور: (دنیا نیوز) حکومت کی طرف سے پیش کیے جانے والے منی بجٹ نے عوام کو سیخ پا کردیا، شہریوں نے مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا۔
حکومت کی طرف سے پیش کیے جانے والے فنانس ترمیمی بل میں بڑی گاڑیوں پر ٹیکس میں اضافہ کی تجویز پیش کی گئی ہے اور موبائل فونز بھی مزید مہنگے کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ درآمدی مشروبات کی قیمتیں بڑھیں گی، منرل واٹر بھی مہنگے ملیں گے۔ بچوں کی ٹافیاں اور جانوروں کی درآمدی خوراک بھی مہنگی کردی گئی ہے۔
اس صورت حال پر عوام کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ اِس سے پہلے اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں اضافے کی لہر بھی رکنے میں نہیں آرہی جس سے شہری پہلے ہی کافی پریشان ہیں۔ اب منی بجٹ میں متعدد اشیا کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کو سیخ پا کردیا ہے۔
عوام کے شدید ردعمل کی ایک وجہ شاید یہ بھی قرار دی جاسکتی ہے کہ موجودہ حکومت کی طرف سے برسراقتدار آنے سے پہلے اِنہیں کافی سبز باغ دکھائے گئے تھے۔