ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا گوشوارہ بھرنے والوں کو پریشانی کا سامنا

Last Updated On 26 June,2018 04:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ٹیکس ایمنسٹی سکیم کے آخری پانچ روز، رش کے باعث ایف بی آر کا آن لائن سسٹم سست روی کا شکار، سسٹم خرابی کی شکایات موصول ہونے لگی۔

ٹیکس ایمنسٹی سے بھرپور فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد میں دھڑا دھڑ اضافہ ہورہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی ویب سائٹ پر ایمنسٹی سکیم کا گوشوارہ بھرنے والوں کا تانتا بندھ چکا ہے۔ جس کے باعث ایف بی آر کی ویب سائٹ سست روی کا شکار ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ آن لائن فارم میں بار بار اندراج کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب عوام کی سہولت کی خاطر ایف بی آر نے "ٹیکس ایمنٹسی سکیم فیسلیٹیشن" سیل قائم کیے ہوئے ہیں۔ جو 24 گھنٹے ایف بی آر ممبر آئی ٹی کی زیر نگرانی کام کررہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایف بی آر نے فون نمبر اور ای میل ایڈریس بھی اپنی ویب سائٹ پر دے دیے ہیں۔

معاشی ماہرین کے مطابق حکومت کو ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی بدولت اربوں روپے آمدن ہونے کی توقع ہے۔