کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے کو گزشتہ نو سال میں 360 ارب روپے کا نقصان ہوا، ادارے کے قرضے 412 ارب روپے تک پہنچ گئے۔
پی آئی اے کارکردگی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش، نو سال میں ادارے کے خسارہ میں 88 فیصد کا اضافہ ہوا۔ 2008 میں خسارہ 73 ارب روپے تھا جو 2017 میں بڑھ کر 360 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ سال 2008 سے 2012 تک نقصان 119 ارب روپے رہا اور 2013 سے 2017 تک 197 ارب روپے کا خسارہ ہوا۔
قومی ایئرلائن کا خسارہ ایک طرف، قرض دوسری طرف ہے۔ نوسال کے دوران ادارے کے قرضوں میں ڈھائی گنا اضافہ ہوا۔ قرض جو 2008 میں 173 ارب روپے تھا، سال 2017 تک بڑھ کر 412 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ صرف یہی نہیں ان نو سالوں کے دوران درجنوں چیئرمین اور ایم ڈیز بھی تبدیل ہوتے رہے۔ عہدے پر فائز افراد کی تقریری کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ دوسال نو مہینے اور کم سے کم 5 ماہ رہا۔