صدرِ مملکت کے الیکشن میں کس تناسب سے ووٹنگ ہوتی ہے؟

Last Updated On 02 September,2018 07:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدرِ مملکت کے الیکشن کے لئے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں کس تناسب سے ووٹنگ ہوتی ہے؟ نمبر گیم کی بنیاد پر حکومت اور اپوزیشن میں کس کا پلڑا بھاری ہے؟

سینیٹ، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کا الیکٹورل کالج 706 ووٹوں پر مشتمل ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں خالی ہونے کے باعث 689 ووٹ کاسٹ ہونے کا امکان ہے۔

قومی اسمبلی کے 342 کے ایوان میں 12 نشستیں خالی ہیں۔ موجودہ 330 کے ایوان میں سے حکومتی الائنس کے پاس 176 اور اپوزیشن کے پاس 150 ووٹ ہیں جبکہ چار ارکان آزاد ہیں۔ سینیٹ میں 68 ارکان کا تعلق اپوزیشن الائنس، 25 کا پی ٹی آئی الائنس جبکہ 11 آزاد سینیٹرز ہیں۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں بلوچستان اسمبلی کے تناسب سے حکومتی ووٹوں کی تعداد 33، اپوزیشن ووٹوں کی 30 جبکہ ایک رکن آزاد ہے۔ سندھ میں پی ٹی آئی الائنس کے 26 ووٹ، اپوزیشن اتحاد کے پاس 38 جبکہ تحریک لبیک کے پاس ایک ووٹ ہے۔

خیبر پختونخوا میں حکومتی الائنس کے 45 ووٹ، اپوزیشن الائنس کے 18 جبکہ 2 ووٹ آزاد ارکان کے ہیں۔ بلوچستان اسمبلی میں حکومتی اتحاد کے پاس 41 ووٹ، اپوزیشن کے 16 جبکہ چار ووٹ آزاد ہیں۔

یوں پی ٹی آئی اتحاد کے کل ووٹ 346، اپوزیشن الائنس کے 320 جبکہ آزاد ووٹرز کی تعداد 23 کے قریب ہے۔ اگر تمام آزاد اراکین اپوزیشن کا ساتھ دیں تو بھی حکومتی اتحاد کے ووٹ زیادہ ہیں۔
 

Advertisement