زرداری تمام پارٹیوں کے اتفاقِ رائے کا احترام کریں، مولانا فضل الرحمان

Last Updated On 30 August,2018 07:32 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے امیر اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے صدارت کے امیدوار مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انھیں امید ہے کہ آصف زرداری دوستی کے تقاضوں پر پورا اتریں گے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں سابق صدر آصف علی زرداری کو مسلسل پیغام بھیج رہا ہوں، دو امیدواروں سے اپوزیشن کو نقصان ہو گا، میں ان سے درخواست کر رہا ہوں کہ وہ تمام پارٹیوں کے اتفاق رائے کا احترام کریں، مجھے ان سے توقع ہے کہ وہ دوستی کے تقاضوں پر پورا اتریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریکِ انصاف اکثریتی جماعت نہیں بلکہ بڑا گروپ ہے، اگر وزیرِاعظم کے انتخاب کے وقت پیپلز پارٹی اپنا ووٹ استعمال کرتی تو شہباز شریف کی کامیابی یقینی تھی، پیپلز پارٹی کے عین موقع پر ووٹ نہ دینے سے عمران خان کامیاب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات 2018ء میں بدترین دھاندلی ہوئی، ہم انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کرتے، الیکشن کمیشن ناکام ہو چکا، الیکشن کمیشن کے استعفے کا مطالبہ تمام سیاسی جماعتوں کا متفقہ موقف ہے۔ ہم تو اسمبلی میں حلف اٹھانے کے روادار نہیں تھے، اپوزیشن کی مشترکہ سوچ کے بعد ہم اسمبلی میں گئے۔
 

Advertisement