صدارتی الیکشن: کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم، حتمی فہرست جاری

Last Updated On 30 August,2018 10:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ملک کے صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی۔ عارف علوی ، اعتزاز احسن اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہونے کے بعد اب کوئی بھی امیدوار کل تک ریٹائرمنٹ لے سکتا ہے۔

 الیکشن کمیشن کی حتمی فہرست کے مطابق صدراتی الیکشن کے لیے عارف علوی، اعتزاز احسن اور مولانا فضل الرحمان اب میدان میں ہیں۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہونے تک صرف امیر مقام نے کاغذات واپس لیے۔ یوں اپوزیشن کی جانب سے دو جبکہ حکومتی اتحاد کا ایک امیدوار صدارتی انتخاب میں حصہ لے گا۔

صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ چارستمبر کو پارلیمنٹ ہاوس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔ پانچوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان پریزائیڈنگ افسر جبکہ چیف الیکشن کمشنر ریٹرنگ افسر ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا کہ صدر الیکٹورل کالج کے ذریعے خفیہ رائے شماری کے تحت منتخب ہونگے جو قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل ہے۔ کنور دلشاد نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صدر کے یکطرفہ طور پر پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اختیارات ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک معمول کا عمل ہے کہ صدر ہمیشہ حکمران جماعت سے ہوتا ہے۔

 

Advertisement