ن لیگ اور پیپلز پارٹی اتحادی نہیں تھے، قمر زمان کائرہ

Last Updated On 29 August,2018 09:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم ن لیگ کے ساتھ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے اکھٹے ہوئے، ہمارا آپس میں کوئی اتحاد نہیں تھا۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دی فرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہمارا ن لیگ کے ساتھ اتحاد نہیں تھا، دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑا، ایم آر ڈی یا کوئی اتحاد نہیں بنا تھا۔ تاہم الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے ہم اکٹھے ہوئے تھے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حقائق کو دیکھے بغیر ہم پر سازش اور ہم پر تحریکِ انصاف کی مدد کرنے کا بھی الزام لگایا جا رہا ہے۔ اعتزاز احسن پیپلز پارٹی کے تجویز کردہ امیدوار تھے، نامزد نہیں، اگر کوئی ڈیل تھی تو ن لیگ اعتزاز کا نام قبول کر کے ہماری ڈیل کو برباد کر دیتی، ہم مخالف جماعتیں تھے کوئی الائنس نہیں توڑا۔

انہوں نے کہا کہ چودھری اعتزاز احسن صدر کے بہترین امیدوار ہیں جن کی شخصیت میں کوئی خامی نہیں ہے، ن لیگ کو ان کے نام پر مان جانا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرویز رشید نے معافی والا بیان نہ دیا ہوتا تو شاید ہم ان کا نام واپس لے لیتے۔ اب اعتزاز احسن کا نام واپس لے کر پرویز رشید کی طرح اعتزاز کی توہین نہیں کر سکتے۔

پیپلز پارٹی رہنما نے بتایا کہ ہمیں مولانا فضل الرحمان کے امیدوار بننے کا میڈیا کے ذریعے پتا چلا، مولانا کے نام بارے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
 

Advertisement