گوادر چین کے حوالے کرنے اور آہنی باڑ لگانے کی خبریں بے بنیاد قرار

Published On 09 May,2024 12:48 pm

گوادر :(ویب ڈیسک ) گوادر کے گرد آہنی باڑ لگانے سے متعلق افواہوں پر ڈپٹی کمشنر نے جواب دیتے ہوئے تمام خبروں کی تردید کر دی۔

بلوچستان کے ضلع گوادر کے ڈپٹی کمشنر محمودالرحمٰن نے کہا کہ چند دنوں سے مختلف غیرمعتبر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے گوادر شہر سے متعلق بے بنیاد افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جس میں گوادر کو چین کے حوالے کرنے سے لے کر شہرکے گرد آہنی باڑ تعمیر کرنے جیسے عجیب وغریب دعوے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت گوادر اور اس کے شہریوں کی ترقی خوشحالی اور روایتی اقدار کی حفاظت کی ضامن ہے اور اسے ہر قیمت پر یقینی بنائے گی جبکہ پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کی طرز پر سیف سٹی کا منصوبہ بھی حکومت بلوچستان سے منظور شدہ ہے، اس منصوبے کا مقصد جرائم،سمگلنگ اور دہشت گردی کی روک تھام ہے۔

ڈپٹی کمشنر گوادر نے کہا کہ گوادرکو چین کے حوالے کرنے یا شہر کے گرد آہنی باڑ تعمیرکرنے سے متعلق ساری باتیں محض جھوٹا اور پروپیگنڈا پر مبنی ہیں جس کا مقصد گوادر کی ترقی کو مشکل بنانا اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروپیگنڈا بالخصوص اس وقت شروع کیا گیا ہے جب گوادر میں انڈسٹریل ایگریکلچرل پارک کا افتتاح ہوا اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ تکمیل کے مراحل کو پہنچ چکا ہے۔