پیپلزپارٹی کے کارروان جمہوریت کا قصور میں پُرتپاک استقبال

Last Updated On 20 July,2018 12:44 pm

قصور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کا کاروان جمہوریت لاہور سے ہوتا ہوا رات گئے قصور پہنچ گیا، جیالوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کا والہانہ استقبال کیا اور پھول نچھاور کیے، بلاول بھٹو نے حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے مزار پر حاضری دی۔

بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں آج بھی زندہ ہے، دونام نہاد سیاسی جماعتوں نے پنجاب کی سیاست یرغمال بنا رکھی ہے۔ ٹھو کر نیاز بیگ پر مختصر خطاب میں بلاول نے کہا کہ گاؤں گاؤں گلی گلی پارٹی منشور لے کر جائیں گے۔

میرا مقابلہ پنجاب کو یرغمال بنانے والی جماعتوں سے ہے، بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام دوست منشور لے کر آئی۔ ہم اقتدار میں آ کر کسانوں کو بے نظیر کسان کارڈ جاری کریں گے۔ کسان کارڈ کے ذریعے فصلوں کی انشورنس اور سستی کھادیں ملیں گی۔ اقتدار میں آ کر خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے۔ فوڈ کارڈ کے ذریعے اشیا سستی قیمتوں پر دستیاب ہوں گی۔

اس سے پہلے پیپلز پارٹی کا کاروان جمہوریت چنیوٹ سے فیصل آباد پہنچا، راستے میں جگہ جگہ استقبالی کیمپ لگائے گئے، جیالوں کے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔