فیصل آباد: حساس پولنگ سٹیشنز پر خفیہ کیمرے نصب نہ ہو سکے

Last Updated On 19 July,2018 05:58 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات میں چند دن باقی رہ گئے، مگر فیصل آباد میں حساس ترین قرار دئیے گئے پولنگ سٹیشنز پر تاحال سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہیں کیے جا سکے۔

فیصل آباد ضلع بھر کے 3764 پولنگ سٹیشنز میں سے 645 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا اور ان پر فوری سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے احکامات تو جاری ہوئے، مگر ان احکامات پر عمل درآمد نہ ہو سکا۔

حساس ترین پولنگ سٹیشنز میں سے سب سے زیادہ تعداد این اے 104 میں 96 پولنگ سٹیشنز، این اے 101 میں 86، این اے 110 میں 76، این اے 103 میں 66، این اے 105 میں 44 پولنگ سٹیشنز، جبکہ این اے 106 میں 79 اور این اے 107 میں 60 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔

فیصل آباد الیکشن کمیشن کے فوکل پرسن کا کہنا ہے کہ حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے غفلت برتی جا رہی ہے، البتہ کیمرے لگانے کا کام جلد مکمل کروا لیا جائے گا۔

پولنگ سٹیشنز کی مانیٹرنگ کیلئے نصب کئے جانے والے سی سی ٹی وی کیمروں کا کنٹرول روم سی پی او آفس میں بنایا جائے گا، جہاں سے تمام پولنگ سٹیشنز پر باآسانی نظر بھی رکھی جاسکے گی۔