اس بار کس کی سرکار ؟ پولنگ ڈے میں صرف 5 دن باقی

Last Updated On 20 July,2018 06:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن 2018 کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا، انتخابی میدان سجنے سے قبل سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی جیت کے دعوے کر دیئے۔ پولنگ ڈے میں صرف 5 دن باقی رہ گئے۔

 لاہور میں نون لیگ اور پاکستان تحریک انصاف میں کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں، این اے 131 میں عمران خان اور خواجہ سعد رفیق میں سخت مقابلہ ہوگا، 2013 کے انتخابات میں سابق وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کے حامد خان کوشکست دی تھی۔

اسی طرح این اے 125 میں بھی دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا جہاں پاکسان مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم نواز کی نااہلی کے بعد وحید عالم خان میدان میں اترے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل ڈاکٹر یاسمین راشد مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں۔ لاہور کے دیگر حلقوں میں بھی نون اور جنون میں کانٹے کے مقابلے متوقع ہیں۔

ادھر الیکشن قریب آتے ہی سیاسی جماعتوں نے بھی انتخابی مہم تیز کر دی، پاکستان تحریک انصاف آج ملتان میں قلعہ کہنہ قاسم باغ پر پاور شو کرے گی، جلسہ سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے، قلعہ کہنہ قاسم پر جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔

جلسہ گاہ کے اطراف میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے، جلسہ گاہ میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں عمران خان کے خطاب کیلئے 15 فٹ اونچا اور 50 فٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔