لاہور: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما طاہر مشہدی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
طاہر مشہدی نے یہ اہم اعلان پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ ایم کیو ایم کے سابق رہنما کرنل طاہر مشہدی نے کہا کہ وہ لیگی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں۔
طاہر مشہدی نے ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سوشل میڈیا ورکرز اور پولنگ ایجنٹس کے کنونشن میں شرکت کی اور اپنے ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نواز شریف کی طرح کا بہادر لیڈر چاہیے جنہوں نے ایسی بہادری کا مظاہرہ کیا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مادر ملت فاطمہ جناح اپنے بھائی کے ساتھ چلتی تھیں اسی طرح مریم نواز اپنے والد کے ساتھ چل رہی ہیں۔