شیخ وقاص کو این اے 115 جھنگ سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

Last Updated On 19 July,2018 06:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے این اے 115 جھنگ سے آزاد امیدوار شیخ وقاص اکرم اور پیپلز پارٹی کے مخصوص نشست کے امیدوار ڈاکٹر رمیش لال کو الیکشن 2018 میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے سیاسی رہنماؤں کی نااہلی سے متعلق الگ الگ درخواستیں سنیں۔ این اے 115 جھنگ سے شیخ وقاص اکرم کی نااہلی کیلیے ان کے مخالف امیدوار محمد عمران کی درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ وقاص اکرم کے کاغذات نامزدگی میں کوئی غلط بیانی نہیں، بی اے کی تعلیمی قابلیت عدالتی کاروائی سے مشروط کی گئی، وقاص اکرم کی سند کیخلاف ایچ ای سی کا لیٹر ہائیکورٹ نے معطل کر رکھا ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ وقاص اکرم کی تعلیمی سندجعلی ہونے کا کوئی عدالتی ڈیکلریشن نہیں، عدالت نے جعلی ڈگری پر شیخ وقاص اکرم کو نااہل کرنے کی درخواست خارج کر دی۔

سپریم کورٹ نے ڈاکٹر رمیش لال کی نااہلی کے لیے دائر رمیش کمار کی درخواست بھی خارج کردی۔ بینچ نے ریمارکس دیئے کہ درخواستگزار نے قومی اسمبلی فنڈز میں خورد برد اور کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی سے متعلق الزامات لگائے، کسی کے بیان پر تو کسی کو نااہل نہیں کیا جاسکتا، ثبوت بھی دینے ہوتے ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے پی پی 149 لاہور سے تحریک اللہ اکبر کے امیدوار میاں امیرحمزہ کو انتخابی عمل کیلئے نااہل قرار دیتے ہوئے انکے کاغذات نامزدگی مسترد کرنےکا فیصلہ برقرار رکھا۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ کہ میاں امیر حمزہ کے تجویز اور تائید کنندہ کا تعلق انکے حلقے سے نہیں، یہ معمولی غلطی نہیں، مقررہ تاریخ کے بعد تصحیح کرنا نئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے مترادف ہے۔