کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن نزدیک آتے ہی سیاسی کارکنوں کے ایک دوسرے کے ساتھ جھگڑوں میں اضافہ ہوگیا۔ مختلف شہروں میں کارکنوں کے درمیان لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
لاہور کے علاقے بیگم کوٹ میں نون لیگ اور مذہبی جماعت کے کارکنوں میں جھگڑا ہو گیا، ڈنڈے لگنے سے 8 افراد شدید زخمی ہوئے، مذہبی جماعت کے کارکنوں نے بیگم کوٹ چوک پر احتجاج کیا، لاہور سے شیخوپورہ آنے جانے والی ٹریفک معطل ہو گئی۔
اسلام آبادمیں ایم ایم اے کے انتخابی کیمپ میں لاؤڈ اسپیکر بند کرانے پر پولیس اور کارکنوں میں جھگڑا ہو گیا، پولیس کی ہوائی فائرنگ سے صورتحال کشیدہ ہو گئی، حکام نے ہوائی فائر کرنے والے اہلکار کو معطل کر دیا۔
ادھر ملیر کراچی میں پیپلزپارٹی کا الیکشن آفس نذرآتش کر دیا گیا، جس پر ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن کو معطل کر دیا گیا۔ کھارادر میں کاغذی بازار کے قریب تحریک لبیک پاکستان کے الیکشن آفس کے باہر 2 نقاب پوش افراد نے فائرنگ کی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حیدرآباد میں متحدہ اور پی ایس پی والے آمنے سامنے آگئے، مصطفی کمال کی ریلی میں ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے کارکنان میں دھکم پیل ہوئی، فیصل آباد کے علاقےکمال آباد میں پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر پر موٹر سائیکل سوار 4 نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔