عمران خان کے وزیراعظم بننے کے چانس 0.2 فیصد ہے: بلاول بھٹو

Last Updated On 19 July,2018 03:31 pm

چنیوٹ: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو کا کہنا ہے عمران خان کے وزیراعظم بننے کے چانس 0.2 فیصد ہے، شوبازی اور یوٹرن پر نہیں بلکہ خدمت پر یقین رکھتے ہیں، ن لیگ اور پی ٹی آئی کی پالیسی ایک ہے ، پنجاب میں نظریاتی بحران کو پیپلز پارٹی ختم کرے گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم پنجاب میں جہاں جہاں گئے پیپلزپارٹی کے ورکرز اور چاہنے والوں نے بھرپور انداز میں استقبال کیا، عوام کی محبت نظر آرہی ہے، نظر آرہا ہے پنجاب کے عوام دو نظریاتی نظام سے تھکی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ن لیگ اور پی ٹی آئی کی نظریاتی نہیں بلکہ ذاتی لڑائی ہے، پنجاب کے عوام کو نظر آرہا ہے کہ ایک حقیقی آپشن پیپلزپارٹی کی صورت میں موجود ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا پنجاب کے عوام اصولوں کی سیاست کرنیوالی نظریاتی پارٹی کے انتظار میں تھے، پنجاب میں جو نظریاتی بحران تھا پیپلزپارٹی اسکا خاتمہ کرے گی، کوئی بھی صوبہ کسی کے جیب میں نہیں ہوتا، پیپلزپارٹی اپنے منشور پر چلتی ہے۔