الیکشن کمیشن:عمران خان کو غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے سے روک دیا

Last Updated On 19 July,2018 12:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عمران خان کو مبینہ غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے سے روک دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے آئندہ ایسی زبان استعمال نہ کرنے کی تحریری یقین دہانی کرا دی۔

ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل بابراعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، کمیشن نے استفسار کیا عمران خان نے ایک جماعت کے کارکنوں کو نامناسب لفظ سے پکارا ، جس پر بابراعوان نے کمرہ عدالت میں سپیکر ایاز صادق کی ویڈیو چلا کر دکھا دی۔

الیکشن کمیشن نے کہا آپ اپناجواب دیں دیگر کو بھی نوٹس جاری ہو رہے ہیں، جب بڑے لیڈر ایسی زبان استعمال کریں تو دنیا میں اچھا تاثر نہیں جاتا، وکیل بابر اعوان نے کہا طالبان خان اور یہودی جیسے الفاظ استعمال ہو رہے ہیں۔ ممبر پنجاب الطاف ابراہیم نے کہا یہ کون کہہ رہے ہیں جو شرح اور دین کے قریب ہیں ؟ ابھی اور بھی نوٹسز نکل رہے ہیں۔

وکیل بابر اعوان نے کہا گدھا تو معمولی لفظ ہے، استاد بھی گدھا کہہ دیتے ہیں، کمیشن نے کہا استاد کی بات اور ہوتی ہے۔ الیکشن کمیشن نے نوٹس کی سماعت انتخابات کے بعد تک ملتوی کر دی۔