جلسوں میں نامناسب الفاظ کا استعمال، کپتان کی آج الیکشن کمیشن میں طلبی

Last Updated On 19 July,2018 10:48 am

اسلام آباد: ( دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران نا مناسب الفاظ استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کی تقریروں کا جائزہ لینے کے بعد انہیں نوٹس جاری کیا۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کو آج جمعرات کیلئے نوٹس جاری کیا گیا ہے اور چار رکنی کمیشن اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آفس میں سماعت کرے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نازیبا الفاظ کی نشر واشاعت پر دو صحافیوں کو بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق اور پرویز خٹک کو بھی نوٹس جاری کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب عمران خان ہیلی کاپٹر استعمال کیس میں نیب پشاور میں پیش نہ ہوئے اور معذرت کر لی، عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے نیب کو مراسلے کے ذریعے جواب بھجوایا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ انتخابات قریب ہیں عمران خان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت کررہے ہیں اس لیے 18 جولائی کو طے شدہ مصروفیات کے باعث ان کا نیب میں پیش ہونا مشکل ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے انتخابات کے فوری بعد عمران خان ترجیحاً نیب کے روبرو پیش ہوں گے اس لیے نیب مناسب سمجھے تو آئندہ سماعت کے لیے 7 اگست کی تاریخ مقرر کرلے۔ واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 2 فروری کو عمران خان کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کے 2 ہیلی کاپٹرز کو غیرسرکاری دوروں کے لئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔