حافظ آباد: پی ٹی آئی اور لیگی کارکنوں میں جھگڑا، دونوں جماعتوں کے 8 کارکن زخمی

Last Updated On 18 July,2018 03:41 pm

حافظ آباد: (دنیا نیوز) حافظ آباد میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے جھگڑے میں دونوں گروپوں کے 8 کارکن زخمی ہوگئے، جنہیں ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا۔

چوک فاروق اعظم میں تحریک انصاف کی کارنر میٹنگ جاری تھی کہ ن لیگ کے کارکن گاڑیوں پر وہاں سے گزر رہے تھے، دونوں گروپوں میں شدید نعرے بازی کے بعد بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

دونوں گروپوں نے لاتوں گھونسوں سے ایک دوسرے کی درگت بنائی، کارکنوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں بھی برسائیں، زخمی کارکنوں کو ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا جبکہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے فاروق اعظم چوک کے قریب مسلم لیگ ن کے پی پی 70 کے امیدوار ڈاکٹر مظفر کے سپتال میں بھی توڑ پھوڑ کی۔

مشتعل کارکنوں نے ڈاکٹر مظفر کے ہسپتال کے شیشے توڑ دیئے، تاحال دونوں گروپوں میں سے کسی کے خلاف بھی مقدمہ درج نہ کیا جاسکا، گزشتہ شام بھی علی پور روڈ پر دونوں گروپوں میں نعرے بازی ہوئی تھی۔