نئی حلقہ بندیاں، مسائل وہی پرانے، کراچی کے این اے 251 کی بھی قسمت نہ بدلی

Last Updated On 15 July,2018 06:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نئ حلقہ بندیوں کے باوجود مسائل وہیں کھڑے ہیں، کراچی کے ضلع غربی کےحلقے این اے 251 کی بھی قسمت نہ بدلی، منتخب نمائندوں نے گزشتہ سالوں میں حلقے کو بری طرح نظر انداز کیا۔

الیکشن 2018 آنے کو ہیں، ایک بار پھر نئے وعدوں اور نعروں کے ساتھ حکمران ووٹ کے طلبگار ہیں لیکن عوام کہتے ہیں گزشتہ انتخابات میں جسے چنا اس سے دھوکہ ہی کھایا۔ این اے 251 میں بیشتر لوگ ایسے ہیں جو ٹھپا نیہں لگا سکیں گے کیونکہ یہاں سب سے بڑا مسئلہ شناختی کارڈ کا ہے۔

ضیا کالونی، اسلام نگر، سیکٹر گیارہ، گلشن بہار سمیت کئی علاقوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے تو دوسری جانب پارکس اور ہسپتال اپنی کہانی آپ ہی سنا رہے ہیں۔ این اے 251 اس بار بھی سیاسی جماعتوں کے ریڈار پر ہے اور انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔

مسائل کا انبار جس کی شنوائی کیلئے عوام کو نمائندوں کا طویل انتظار کرنا پڑتا ہے یہ موقع 5 سال میں ایک مرتبہ الیکشن کے دوران ہی آتا ہے۔ مشکلات نے جہاں عوام کو پریشان تو کیا ہے لیکن پھر بھی وہ ایک بار پھر نئے نعروں کی گونج میں تبدیلی کی آس لگا بیٹھے ہیں۔