شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہو گا: شہباز شریف

Last Updated On 15 July,2018 11:08 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) سانحہ مستونگ پر ن لیگ کی انتخابی سرگرمیاں معطل، شہباز شریف دورہ سوات ملتوی کر کے کوئٹہ پہنچ گئے، سراج رئیسانی کے ورثا سے اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہو گا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف اپنی انتخابی سرگرمیاں معطل کر کے کوئٹہ پہنچے اور مستونگ دہشتگرد حملے میں شہید سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، میں نے میاں صاحب سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اور ان ہی کی ہدایت پر میں فوری طور پر کوئٹہ پہنچا ہوں۔ میں واقعہ کی تحقیقات کیلئے ٹروتھ کمیشن کے قیام کے مطالبے کی حمایت کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ پنجاب فرانزک لیب کے ذریعے واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں کیونکہ جب تک معاملے کی ٹیکنیکل بنیادوں پر تحقیقات نہیں ہوتیں، ملوث عناصر تک نہیں پہنچا جا سکتا۔ انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ دہشت گردی کے واقعات انتخابات میں رخنہ ڈال سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کا مطالبہ ہے کہ صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں، اگر پنجاب میں الیکشن کمیشن بھی ایک خاص جماعت کے لئے جانبدار ہو جائے تو پھر تحفظات تو پیدا ہونگے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔ پنجاب کی نگران حکومت تحریکِ انصاف کی حمایت نہ کرے، شفاف الیکشن نہ ہوئے تو بڑا المیہ ہو گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ بیان کہ جب نواز شریف خطرے میں آتے ہیں تو ایسے واقعات بڑھ جاتے ہیں کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، انھیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، ایسے بیانات زیب نہیں دیتے۔ پوری قوم غمزدہ لیکن عمران خان کو ایسے موقع پر جھوٹے الزامات لگاتے شرم محسوس نہیں ہوتی۔