پاکستانی الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے فیس بک کا اہم اقدامات کا فیصلہ

Last Updated On 11 July,2018 11:10 am

کراچی: ( روزنامہ دنیا) مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے پاکستان میں انتخابات کوشفاف بنانے کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے، انتخابات سے قبل فیس بک کے غلط استعمال کو روکا جائے گا۔ جعلی اکاؤنٹس کے خاتمے اور غلط خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیس بک دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں جعلی اکاؤنٹس کو بلاک کررہا ہے، رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں فیس بک نے دنیا بھر میں 60 لاکھ جعلی اکاؤ نٹس کا خاتمہ کیا ہے ، جن میں سے 98.5 فیصد ایسے اکاؤنٹس تھے جن کی نشاندہی کسی صارف کی رپورٹ کے بغیر کی گئی۔ انتظامیہ کے مطابق فیس بک دنیا بھر میں ہر عمر اور سیاسی نظریات کے حامل افراد کو اظہار کی آزادی دیتا ہے ، تاہم بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو اس پلیٹ فارم کا غلط استعمال کرکے جمہوری عمل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونے والے انتخابات کی ساکھ کو محفوظ بنانے کے لیے جو اقدامات کیے جارہے ہیں اس کے مطابق سیفٹی اور سیکیورٹی مسائل پر کام کرنے کے لیے رواں سال کے اختتام تک عالمی سطح پر عملے کی تعداد بڑھا کر 20 ہزار کردی جائے گی ۔ اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اشتراک سے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے۔

25 جولائی کو انتخابات سے قبل جعلی خبروں کا پھیلاؤ روکنے اور جعلی اکاؤنٹس کو بند کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ رواں ہفتے فیس بک پاکستان میں اپنی کمیونٹی کے لیے آزمائشی طور پر خبر ایجنسی اے ایف پی کے اشتراک سے حقائق کی جانچ پڑتال کا کام شروع کر رہا ہے ۔فیس بک اب فیڈ بیک سمیت دیگر سگنلز کا استعمال کرے گا اور اس ضمن میں زیادہ کلک کے حصول کے لیے سنسنی خیز سرخیوں والی خبروں سے لے کر ممکنہ جعلی خبروں کی نشاندہی کی جائے گی ،اے ایف پی جیسے فیکٹ چیکرز سے حقائق کی جانچ پڑتال کرکے خبروں کا جائزہ لیا جائے گا۔ فیکٹ چیکر کسی خبر کو جعلی ریٹ کرے گا تو فیس بک نیوز فیڈ میں اس کا پھیلاؤ تیزی سے کم کر دے گا اور نئے دیکھنے والوں کی شرح میں اوسطاً 80 فیصد سے زائد کمی آجائے گی۔ ایسے پیجز اور ڈومین جو مسلسل جھوٹی خبریں شیئر کریں گے انہیں اپنی ڈسٹری بیوشن محدود نظر آئے گی اور ان کی مانیٹائز اور تشہیر کی سہولت بھی ختم ہو جائے گی۔

فیس بک یہ بھی چاہتا ہے کہ لوگوں کو بااختیار بنایا جائے اور صارفین خود فیصلہ کریں کہ انہوں نے کیا پڑھنا ہے ، کس پر اعتبار کرنا ہے اور کیا شیئر کرنا ہے ۔ فیس بک نے پاکستان میں میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی اور انگیج پاکستان کے ساتھ شراکت داری کی ہے ، جو پاکستان میں مقامی سطح پر جعلی خبروں سے متعلق اہم نکات تیار کریں گے اور ان کو وسیع پیمانے پر پھیلائیں گے ۔ اس سلسلے میں کمیونٹی کو یہ کام سکھایا جائے گا کہ کس طرح سے جعلی خبروں اور غلط اطلاعات کی نشاندہی کرکے انہیں روکا جائے ۔ جعلی اکاؤنٹس غلط اور گمراہ کن مواد پھیلانے کا بڑا ذریعہ ہوسکتے ہیں اور فیس بک انہیں اپنے پلیٹ فارم سے ہٹانے کے لیے بھرپور انداز سے کام کر رہا ہے ۔ الیکشن والے دن کمیونٹی کی نیوز فیڈ میں سب سے اوپر میگا فون کی شکل کے ساتھ ووٹ دینے کی یاد دہانی کرائی جائے گی۔