الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، تمام بلدیاتی ادارے معطل

Last Updated On 10 July,2018 06:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق اب 25 جولائی تک بلدیاتی امور صوبے چلائیں گے، پولنگ سٹیشنز پر فوج کے آفیسر انچارج کو بھی مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات مل گئے۔

الیکشن کمیشن نوٹیفکیشن کے مطابق بلدیاتی اداروں کے چئیرمین، وائس چیئرمین، ناظم، نائب ناظم، مئیر، ڈپٹی مئیر اور ممبر کنٹونمنٹ بورڈز سمیت تمام عہدیدار پولنگ کے دن تک اپنے عہدوں پر کام نہیں کر سکیں گے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت صاف اور شفاف انتخابات کے لیے اداروں کو عام انتخابات پر اثر انداز ہونے سے روکنے کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

کمیشن کی جانب سے پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج کے آفیسر انچارج کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دے دئیے گئے ہیں، مجاز افسر کسی بھی شخص کو موقع پر سزا سنا سکے گا۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پیمرا کو ہدایت کی ہے کہ تمام ٹی وی چینلز پر تحریکِ انصاف کے ایسے اشتہارات فوری طور پر رکوائے جائیں جن میں دوسری جماعتوں کے قائدین کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے چئیرمین تحریکِ انصاف عمران خان کو بھی وارننگ دی ہے کہ آئندہ ایسے اشتہارات نہ بنائے جائیں۔