بشریٰ بی بی کا پہلا سیاسی اقدام، روٹھی خواتین رہنماؤں کو منا لیا

Last Updated On 29 June,2018 10:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بشریٰ بی بی نے عمران خان کی جدوجہد کے ایسے واقعات سنائے کہ خواتین متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں، بشریٰ بی بی کا بیان سن کر آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔

پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے پارٹی قیادت سے ناراض خواتین کو منانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی نے عمران خان کی جدوجہد کے ایسے واقعات سنائے کہ خواتین متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکیں، ان کا بیان سن کر خواتین کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔

پی ٹی آئی خواتین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اب کچھ بھی نہ ملے، ہنم سب خوش ہیں، پارٹی کی بڑھ چڑھ کر مہم چلائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی اتنی شفیق اور اتنی پیاری خاتون ہیں کہ ان کا بیان سن کر آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔

دوسری جانب کپتان نے اپنے ناراض کھلاڑیوں کو گلے لگا کر منا لیا ہے۔ لاہور میں عمران خان نے ولید اقبال، یاسر گیلانی، محمد مدنی، سعدیہ سہیل، میاں طارق اور امین ذکی سمیت متعدد رہنماؤں سے ملاقات کی اور ان کو منا لیا۔

 

عمران خان کو لاہور میں تینوں روز کارکنوں اور رہنماؤں کی آپس میں لڑائیوں جھگڑوں اور ایک دوسرے پر الزامات سمیت دیگر چینلنز کا سامنا رہا۔ کپتان ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض کارکنوں اور حلقوں میں ردوبدل کے مسائل کو بھی کافی حد تک حل کر نے میں کامیاب رہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ٹکٹوں کی تقسیم کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ جس دن یہ معاملہ ختم ہو گا، ہاتھ اٹھا کر اللہ کا شکر ادا کروں گا کہ اس نے مجھے اس عذاب سے بچایا۔ خبریں ہیں کہ عمران خان نے اسد کھوکھر اور خالد گجر کا معاملہ بھی حل کر دکھایا ہے۔