ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم، پی ٹی آئی ورکرز کا لاہور میں احتجاج

Last Updated On 28 June,2018 06:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عمران خان کے لاہور آتے ہی ناراض کھلاڑی بھی پیچھے آ گئے، ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم پر زمان پارک کے باہر ڈیرے ڈال دیئے۔

لاہور میں عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک کے باہر شاہدرہ، منڈی بہاء الدین، ننکانہ صاحب اور دیگر علاقوں کے ٹکٹوں سے محروم ناراض کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور نعرہ بازی کی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی زمان پارک پہنچے تو کارکنوں نے ان کی گاڑی کو روک لیا اور دیرینہ کارکنوں کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا۔

ملتان میں بھی کھلاڑیوں نے شاہ محمود قریشی کے گھر کا محاصرہ کیا اور دھرنا دیا۔ کارکنوں نے نعرہ بازی کی اور ٹکٹوں میں بندر بانٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جماعتوں کی بات کی جائے تو ملتان میں بوسن روڈ پر بلاول ہاؤس کے سامنے جیالوں نے ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف مرغا بن کر انوکھا احتجاج کیا۔ کارکنوں نے فیصلہ واپس نہ لینے پر مزید مظاہرے کا اعلان کر دیا۔

ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما عارف سندھیلہ نے ٹکٹ نہ ملنے پر خود کو زنجیروں میں جکڑ کر پارٹی سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کیا۔ انہوں نے پارٹی قیادت سے پوچھا کہ بتایا جائے، ان سے ٹکٹ واپس کیوں لیا گیا؟ عارف سندھیلہ نے قیادت پر کروڑوں میں ٹکٹ بیچنے کا الزام بھی لگایا۔