فواد چوہدری کو این اے 67 جہلم سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

Last Updated On 28 June,2018 02:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو این اے 67 جہلم سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی، لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایپلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو3 جولائی کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔

فواد چوہدری نے اپیلیٹ ٹربیونل کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اپیلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے، ٹربیونل کے مطابق بیرون ملک دوروں پر 32 لاکھ اخراجات اور اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، کاغذات نامزدگی میں ایف بی آر کی مصدقہ کاپی ساتھ لف کی گئی تھی۔

 یاد رہے گزشتہ روز راولپنڈی کے الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کے این اے 67 جہلم سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے تھے۔ جسٹس اینڈ ڈیمو کریٹک پارٹی کے امیدوار فخر عباس نے اعتراض دائر کیا تھا کہ فواد چودھری نے زرعی ٹیکس ادا نہیں کیا، ان کا شناختی کارڈ میں نام فواد احمد لکھا ہے، ٹربیونل نے انہیں آرٹیکل 62 ون اے کے تحت نااہل قرار دیا۔ فیصلے کے مطابق فواد چودھری کو اثاثے اور دوسری بیوی چھپانے پر نااہل قرار دیا گیا۔