این اے 110 کے امیدوار رانا افضل کو ووٹ مانگنا مہنگا پڑ گیا

Last Updated On 28 June,2018 12:44 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) سیاست دان پریشان، ووٹ مانگنا مشکل ہوگیا، این اے 110 کے امیدوار رانا افضل نورپور کے علاقہ میں ووٹ مانگنے گئے تو ووٹرز نے آئینہ دکھا دیا۔

لیگی رہنما رانا افضل نے لوگوں سے پوچھا کہ کام میں کوئی کمی رہ گئی ہے تو بتائیں ؟ جس پر کارکن نے جواب دیا کمی یہی ہے جو 5 سال بعد آپ آئے ہیں، ہم رانا افضل کے ڈیرے پر گئے مگر انہوں نے کہا میں نہیں جانتا آپ لوگ کون ہو، جو شخص کسی آنے والے مہمان کو پانی تک نہیں دے سکتا، اس نے باقی کیا کرنا ہے۔ رانا افضل ووٹرز کو جھوٹا قرار دیتے رہے۔

دوسری جانب لاہور پی پی 144 کے مسلم لیگی کارکنوں نے سمیع اللہ خان کو ٹکٹ ملنے کے خلاف جبکہ بہاولپور کے کارکنوں نے پی پی 246 کا ٹکٹ رانا طارق کو دینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ 180 ایچ ماڈل ٹاؤن میں کیا۔ سابق ایم پی اے رانا اقبال کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف احتجاج کیا، لوٹا سمیع اللہ منظور نہیں اس سے ٹکٹ واپس لیا جا ئے لیگی کارکن ہاتھ میں لوٹے اٹھا کر خوب نعرے بازی کے ساتھ بھر پور احتجاج کیا۔ ماڈل ٹاؤن میں احتجاج کرنے والے مظاہرین نے طلال چو ہدری کو لوٹے بھی دکھا ئے اور لو ٹے نامنظور، لو ٹے نا منظور کے نعرے لگائے۔

سابق ایم پی اے رانا اقبال نے کہا کہ ہمیں یہ امیدوار منظور نہیں اسکے خلاف ووٹ مانگیں گے۔ خاتون کارکن شبنم بخاری کا کہنا تھا کہ قائدین ٹکٹوں کے معاملہ پر نظر ثانی کریں۔ بہاولنگر سے میرے مقابلے میں کو ئی امیدوارنہیں تھا، پھر مجھے کیوں ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ بہاولپور حلقہ پی پی 246 سے لیگی رہنما حماد میرانی نے سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمان پر کروڑوں لیکر ٹکٹ دینے کا الزام عائد کر دیا۔ مظاہرین سے لیگی کارکنوں کے مذاکرات ہوتے رہے مگر نا کام رہے اور مظاہرین نے بھر پور نعروں کے ساتھ کئی گھنٹے احتجاج کیا۔