اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کا عام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے ایک پر ایک یوٹرن، کسی کو امید دلائی، کسی کا تختہ دھڑن کر دیا۔
پی ٹی آئی نے وہاڑی سے پہلے جٹ فیملی کو ٹکٹ دیئے، پھر واپس لے لئے، این اے ایک سو باسٹھ میں اب عائشہ نذیر کے بجائے خالد چوہان اور پی پی دو سو انتیس میں نذیر جٹ کی جگہ ہمایوں افتخار امیدوار ہونگے۔
بڑے کھلاڑیوں نے ملتان میں بھی یوٹرن کی رِیت دہرا دی۔ این اے ایک سو چون میں پہلے سکندر بوسن کو نامزد کیا پھر لال جھنڈی دکھا دی۔ این اے چوہتر سیالکوٹ سے بیرسٹر منصور کو جاری ٹکٹ غلام عباس کے نام ہو گیا۔
این اے اکیاسی اور پی پی ستاون گوجرانوالہ میں بھی نامزدگیاں واپس لے لی گئیں۔ این اے 80 میں خواجہ صالح کی جگہ صدیق مہر میدان میں آ گئے۔ پی پی ستاون میں نعمان چھٹہ کے بجائے چودھری محمد علی امیدوار بن گئے۔ این اے بانوے ،ساہیوال سرگودھا کا ٹکٹ بھی ظفر قریشی کے بجائے قاسم سیالوی کو تھما دیا گیا۔