چودھری عبدالغفور کا لیگی قیادت کو بے نقاب کرنے کا اعلان

Last Updated On 24 June,2018 08:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق صوبائی وزیر نے لیگی قیادت پر الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شریف خاندان کی ملکیت نہیں، مودی کو ساتھ بٹھانے والا اُمت مسلمہ کا غدار ہے۔

زعیم قادری کے بعد چودھری عبدالغفور میو بھی لیگی قیادت کے خلاف بغاوت پر اتر آئے، انہوں نے دھواں دار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشرف دور میں کوئی مائی کا لعل باہر نکلنے کو تیار نہیں تھا، ہم نے قربانیاں دیں لیکن ماروی میمن، دانیال عزیز اور طلال چودھری جیسے لوگ جو مشرف کیساتھ تھے، انہیں وزیر بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چودھری عبدالغفور میو نے مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان کر دیا

چودھری عبدالغفور میو کا کہنا تھا کہ شریف برادران کو کہا تھا لینڈ مافیا اور کریمنل کو ٹکٹیں نہ دینا، یہ ظالم ہیں انہوں نے پاکستانی اداروں کو برباد کیا۔ قیادت بتائے ٹکٹ لینے کے لیے قبضا مافیا ہونا معیار ہے تو ایسی سوچ پر لعنت ہے۔ میرا مسئلہ ممبر قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی بننا نہیں بلکہ ملک میں لگی آگ کو بجھانا ہے۔ میں ایسی لیڈرشپ کیساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان شریف خاندان کی ملکیت ہے اور نہ ہی کسی کے باپ کی جاگیر، پاکستان کے لیے اپنا رول ادا کرونگا۔ مودی کو ساتھ بٹھانے والا اُمت مسلمہ کا غدار ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلسوں میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بے نقاب کریں گے۔