این اے 53 سے شاہد خاقان کی اپیل پر الیکشن کمیشن سے معاونت طلب

Last Updated On 25 June,2018 12:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے الیکشن ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف شاہد خاقان عباسی اور سردار مہتاب عباسی کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن سے کل تک معاونت طلب کر لی۔

حلقہ این اے 53 اسلام آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف درخواستوں کی سماعت جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے کی۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے الیکشن کمیشن حکام سے استفسار کیا کہ بڑی تعداد میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بینک اکاونٹ اور شق این پر مسترد ہوئے، لوگوں کو یہ سوال ہی سمجھے نہیں آئے۔ کیا حلف نامہ اردو میں نہیں تھا ؟ حکام الیکشن کمیشن نے بتایا کہ حلف نامہ انگریزی میں ہی تیار کیا گیا تھا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ حلفہ نامے میں سوال تھا کہ آپ نے اپنے حلقے میں کیا کام کئے ؟ کسی امیدوار نے نے جواب لکھا کہ بہت اہم کردار ادا کیا جبکہ کسی نے لکھا کہ دوسری شادی نہیں کی۔ سابق وزیراعظم نے تو یہ تک لکھ دیا کہ میں ٹیکس دیتا ہوں اور میرا وقار برقرار رہا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا امیدوار کو اتنی سی غلطی درست کرنے کا چانس دیا جا سکتا ہے ؟ حکام الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایسے امیدواروں کو چانس دیا بھی جا سکتا ہے۔ تاہم عدالت نے الیکشن کمیشن حکام سے کہا کہ وہ اس معاملے پر اچھی طرح سوچ کر کل تک عدالت کی معاونت کریں۔

الیکشن ٹریبونل نے شاہد خاقان عباسی اور سردار مہتاب کی درخواستوں پر سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔